Search
 
Write
 
Forums
 
Login
"Let there arise out of you a band of people inviting to all that is good enjoining what is right and forbidding what is wrong; they are the ones to attain felicity".
(surah Al-Imran,ayat-104)
Image Not found for user
User Name: Ansar.Abbasi
Full Name: Ansar Abbasi
User since: 25/Jan/2010
No Of voices: 260
 
 Views: 2032   
 Replies: 0   
 Share with Friend  
 Post Comment  

ذرا غور کیجیے ۔ انصار عباسی

قرآن پاک کو جب آپ سمجھ کر ترجمہ اور تفسیر کے ساتھ پڑھنے کی کوشش کرتے ہیں تو تمام راز کھلتے چلے جاتے ہیں۔ اپنے اردگرد رونما ہونے والے واقعات، مسلمانوں کی حالت زار، روز روز کی آفتوں اور مصیبتوں، بے حس اور کرپٹ قیادت اور بحیثیت پاکستانی قوم یا امت مسلمہ ہماری نہ ختم ہونے والی تنزلی کی وجہ سمجھ میںآ تی ہے۔ جوں جوں آپ اللہ کا کلام پڑھتے ہیں اور اس کلام کی روشنی میں اپنے آپ کا تجزیہ کرتے ہیں تو اپنی حالت پر شرم آتی ہے اور مسلمانیت پر شک گزرتا ہے۔ ایسا جھوٹ جس کو ساری دنیا سچ بنا کر پیش کرتی ہے اس کا پول کھلتا چلا جاتا ہے۔ اپنے آپ کو مسلمان کہنے والوں میں ایک اچھی خاصی تعداد منافقوں کے روپ میں سامنے اُبھرتی ہے جبکہ اللہ تعالیٰ کے راستے پر چلنے والوں اور افغانستان و عراق اور کشمیر و فلسطین میں جہاد کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ ہوتا ہوا نظر آتا ہے۔ اس بات کا شدت سے احساس ہوتاہے کہ جیسا کہ ہم اب محض نام کے مسلمان ہیں ورنہ ہمارا سب کچھ اب ان قوموں کی تقلید میں ہو رہاہے جن کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ وہ گمراہ اوربھٹکے ہوئے ہیں اور جن پر اللہ کا عذاب نازل ہوا۔

 قرآن اور اسلام سے ہمیں دور رکھا جا رہاہے کیونکہ اگر ہم اللہ کی کتاب کو سمجھ کر پڑھیں گے تو تمام حقیقتیں کھل جائیں گی۔ مشرف اور دوسرے امریکا نواز حکمرانوں اور نام نہاد لیڈروں کے اصل چہرے بے نقاب ہو جائیں گے۔ 9/11 کے بعد شروع کی گئی مسلم کش دہشت گردی کی جنگ اور مسلمان حکمرانوں کی طرف سے اس کی تائید کرنے کی وجوہات سمجھ میں آنا شروع ہو جائیں گی اور پھر ہمیں اس بات کا بھی جواب مل جائے گا کہ آخر بحیثیت پاکستانی قوم ہم نے ایسی کیا خطا کی کہ آفتوں اور مصیبتوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لیتا۔ 9/11 کے بعد دہشتگردی کی جنگ اور مشرف دور میں بنائی جانے والی پالیسیوں کے تناظر میں درج ذیل قرآنی آیات کا ایک ایک لفظ اس صورتحال کو سمجھنے کے لیے بہت اہم ہے۔
”اے رسول
آپ منافقوں کو سنا دیجئے کہ ان کے لئے بڑا ہی درد ناک عذاب ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو اہلِ ایمان کو چھوڑ کر کافروں کو دوست اور ساتھی بنا لیتے ہیں کیا یہ لوگ کافروں کے پاس غلبہ اور عزت ڈھونڈنے جاتے ہیں۔ یاد رکھو غلبہ اللہ تبارک و تعالیٰ ہی کا ہے۔“) النساء (138-139
سورة المائدہ میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں ”آپ دیکھیں گے کہ جن لوگوں کے دلوں میں خرابی (نفاق) ہے وہ ان کی طرف دوڑے جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہمیں ڈر ہے کہ کہیں کسی لپیٹ( مصیبت) میں نہ آجائیں“
مندرجہ بالادونوںآ یات کیا اس کیفیت کو ظاہر نہیں کرتیں جس کی بنیاد پر جنرل مشرف جیسا بہروپیا جوایک نئے روپ میں عوام کو دھوکہ دینے کے لیے سیاسی میدان میں کود چکا ،نے امریکا کی دہشت گردی کیخلاف جنگ کاحصہ بننے کا فیصلہ کیا تھااور جس کے نتیجے میں لاکھوں افغانیوں‘عرب اوردوسرے مسلمانوں کاقتل عام کیاگیا۔کیا مشرف نہیں کہتاتھا کہ اگرہم اس جنگ میں امریکہ کاحصہ نہ بنے تووہ ہمیں تباہ کردے گا اس لئے مصلحت یہی ہے کہ ان(کافروں) میں گھس جاؤ۔ یہی پالیسیاںآ ج بھی جاری وساری ہیں اور کافروں میں گھسنے کا عمل بھی رکنے کا نام نہیں لیتا باوجود یہ کہ غلبہ اور عزت ڈھونڈنے والوں کے نصیب میں رسوائی اور خواری کے سوا ابھی تک کچھ نہیں آیا۔

کس بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہم نے امریکا اور دوسری کفر کی طاقتوں کواپنے ہی مسلمان بھائیوں کیخلاف اپنادوست بنالیاہے۔ باوجود اس کے کہ قرآن بارہاہمیں متنبہ کرتا ہے کہ ”یقیناً آپ ایمان والوں کاسب سے زیادہ دشمن یہودیوں اور مشرکوں کوپائیں گے“(المائدہ۔82) اور یہ کہ ”ان (کافروں) کی چاہت تویہ ہے کہ جس طرح کے کافروہ ہیں‘ تم بھی ان کی طرح کفرکرنے لگواورپھر سب یکساں ہوجاؤ“(النساء89) اوریہ کہ” اے ایمان والو! تم اپناولی ودوست اہل ایمان کے سوااورکسی کونہ بناؤ۔ تم تونہیں دیکھتے دوسرے لوگ تمہاری تباہی میں کوئی کسراٹھانہیں رکھتے۔ وہ توچاہتے ہیں کہ تم دکھ میں پڑ جاؤ۔ ان کا بغض ( دشمنی) توخودان کی زبان سے ظاہر ہے اور جوکچھ ان کے سینوں میں پوشیدہ ہے‘ وہ اس سے بہت زیادہ ہے۔ ہم نے تمہارے لئے آیات بیان کردیں اگرتم واقعی سمجھ بوجھ رکھتے ہو۔“(آل عمران118)
اللہ تعالیٰ کی ان واضح وارننگز (Warnings)کے باوجودہم آج بھی اس رستہ پر چل رہے ہیں جس کاآغازجنرل مشرف نے 9/11کے بعدکیا۔ مشرف کی روشن خیالی کا سبق ہم پر اب بھی طاری ہے۔ ایک طرف ہمیں روشن خیالی کے نام پر اپنی دینی اور مشرقی روایات سے دور کیا جا رہا ہے تو دوسری طرف امریکا کے اس خوف سے کہ کہیں ہم مصیبت میں نہ پڑ جائیں ساتھ دینے کے باوجودہم اس حالت کو پہنچ چکے ہیں کہ صرف گذشتہ ماہ افغانستان میں موجودامریکی فوج کی طرف سے 20 سے زیادہ ڈرون حملوں کے علاوہ چارگن شپ ہیلی کاپٹرزکے حملے پاکستان پر کئے گئے۔ ایک امریکی اخبار کے مطابق امریکہ نے افغانستان سے اپنی جنگ کو پاکستان کے اندر دھکیل دیا ہے۔ ہمیں عزت ملی نہ غلبہ۔ خوف اور ڈر ہے کہ بڑھتا چلا جا رہا ہے۔

 ڈھونڈنے کچھ اور نکلے تھے مگر ملی رسوائی‘ دہشت گردی ، ہرطرف آگ وخون کاکھیل ، امریکی حملے اور سب سے بڑھ کر اللہ کا عذاب۔ جوامریکا نواز اورمسلم کش پالیسیاں مشرف نے اپنائیں‘ ان کی ابتدائی سالوں میں یہاں کافی مخالفت تھی مگرآج ہم پاکستانیوں نے من وعن نہ صرف امریکا کی نام نہاددہشت گردی کی جنگ کوتسلیم کرلیاہے بلکہ اس کواپنی جنگ بنا کر اپنالیا۔ آج چاہے آپ ہمارے حکمرانوں اور سیاستدانوں کوسنیں یا بش و اوباما یاٹونی بلےئر اور ڈیوڈ کیمرون کی دہشت گردی پرتقریروں کونکال لیں‘ سب کی ایک ہی زبان اور ایک ہی لہجہ ہے۔ باتیں اور جملے بھی ایک۔ مسلم لیگ ن جو پہلے امریکا کی نام نہاددہشت گردی کیخلاف، جنگ کیخلاف آوازاٹھاتی تھی وہ بھی خاموش ہے جبکہ اسلام کے نام پرسیاست کرنیوالے مولانافضل الرحمن تواس پارٹی (پی پی پی) کے ساتھ حکومت میں شریک ہیں جو پہلے دن سے امریکی پالیسیوں کے حق میں بات کرتی رہی ہے اور آج بھی اُسی رستے پر گامزن ہے ۔

 ان حالات میں عوام بھی عجیب بے حسی کاشکار ہیں۔ ایسے حالات میں ہم پرآفتیں اور مصیبتیں کیسے نہ ٹوٹیں کیونکہ اللہ تعالیٰ کافرمان ہے۔ ”آپ ارشادفرمائیے کہ اللہ تعالیٰ کواس بات کی قدرت ہے کہ تم پرعذاب لے آئے چاہے اوپر سے چاہے تمہارے قدموں تلے سے یاتمہیں کئی گروہوں میں تقسیم کردے اورتمہیں ایک دوسرے کی لڑائی کامزاچکھادے تو دیکھئے کہ ہم کس طرح آیات کوبیان کرتے رہتے ہیں تاکہ یہ لوگ سمجھ سکیں“(الانعام ۔65)۔خدارا ذرا اپنے اردگردتودیکھئے یہ زلزلے، یہ سیلاب، یہ دہشتگردی اور فوجی آپریشن، بڑھتی ہوئی عسکریت پسندی، کراچی اور بلوچستان میں نہ ختم ہونے والی قتل و غارت، فرقہ وارانہ فسادات، یہ کرپٹ اور بے حس حکمران یہ سب کچھ اس آیت کے ایک ایک لفظ کی سچائی آپ کے سامنے عیاں کرتا ہے، مگر افسوس کہ ہم اس سب کے باوجودابھی بھی گونگے، بہرے اور اندھے ہی ہیں۔

 No replies/comments found for this voice 
Please send your suggestion/submission to webmaster@makePakistanBetter.com
Long Live Islam and Pakistan
Site is best viewed at 1280*800 resolution